پلوامہ//جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں منگل کے روز مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے ایک گرینیڈ حملے میں4فورسز اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 3خواتین بھی شامل ہیں ۔ یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب ضلع پلوامہ کے پانپور میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سمپورہ علاقہ میں واقع انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ (ای ڈی آئی) کی کثیر منزلہ اقامتی عمارت میں محصور جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مسلح تصادم آرائی جاری تھی۔ پولیس نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوؤں نے منگل کو دوپہر قریب ساڑھے گیارہ بجے بونہ بازار شوپیان میں تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں کو نشانہ بناکر ایک گرینیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس گرینیڈ حملے کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا گیا جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، لیکن انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقہ بھر میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ادھر تملہ ہال میں فوج اور ٹاسک فورس نے بٹنور اور آرمل علاقوں کا محاصرہ کیا اور تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔ تملہ ہال میں تمام گلیوں کی ناکہ بندی کی گئی اور پھر پورے گائوں کی ویڈیو گرافی بھی کی گئی۔