نئی دلی// مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جیش محمد کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر دہلی این سی آر علاقے کی سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزارت داخلہ کو خفیہ اطلاعات ملی ہیں کہ جیش محمد پارلیمنٹ ہاؤس اور دہلی سیکرٹریٹ، لوٹس ٹیمپل، اکشر دھام مندر اور انتہائی آبادی والے تمام م بازاروں سمیت کئی اہم اداروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ یہ اطلاع ملنے پر دہلی پولیس، مرکزی ریزرو پولیس فورس اور سنٹر ل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کو دسہرہ اور محرم کے دوران چوکس رہنے کا خاص طورپر مشورہ دیا گیا ہے اور دہلی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ دہلی سے ملحق تمام سرحدوں پر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔سیکورٹی ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ جیش محمد ہندوستان پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی ہندوستان سے بدلہ لینے کے لئے اسے بھڑکا رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں ہندوستانی سرحد میں کچھملی ٹینٹوں نے دراندازی کی اور وہ دہلی میں اہم مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ دہلی پولیس حکام نے کہا کہ ممکنہ حملے کے خطرے کی اطلاع ملنے کے بعد تمام اہم اداروں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، "ہم نے پارلیمنٹ کے آس پاس نگرانی بڑھا دی ہے ۔ اس کے علاوہ دہلی سیکرٹریٹ، اکشر دھام مندر اور لکشمی نارائن مندر کو خصوصی نگرانی زون میں رکھا گیا ہے ۔