پونچھ //مسجد علی موھڑہ بچھائی سرنکوٹ میں پہلی بار مجالس عشرہء محرم الحرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں پہلی محرم الحرام سے ہر شب بعد نماز مغربین مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے منعقدہ نویں مجلس عزا کے دوران حجۃ الاسلام سلا والمسلمین مولانا سید زوار علی کر بلائی نے قرآن و اہلبیت کے عنوان سے گفتگو کرتے ہوئے قرآن کریم کی آیات میں بیان شان اہلبیت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن اور اہلبیت دونوں گراں قدر معجزات ہمارے درمیان سرکار دوعالمؐ چھوڑ کر گئے ہیں اور آپ ؐ نے اس بات کی گارنٹی دی ہے کہ جو ان کے ساتھ منسلک رہے گا وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہو گا اور جو ان سے دور رہے گا وہ یقیناً دونوں جہانوں میں ناکام ہے اور جہنمی ہے۔ انہوں عالم انسانیت کو قرآن و اہلبیت کے ساتھ متمسک رہنے کا پیغام دیا۔ مجلس عزا کے اختتام پر ماتم وگریہ کیا گیا اور دعا واسلام پریہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔واضح رہے کہ ان مجالس عزا کا اہتمام حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید عابد حسین جعفری اور سیدشبیر حسین جعفری کی جانب سے کیا گیاہے۔