نیو یارک //سکھوں نے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے باہر پاک بھارت کشیدگی کے خلاف اور پنجاب میں ریفرنڈم کے حق میں مظاہرہ کیا۔سکھوں کیلئے انصاف نامی تنظیم نے دیگر انسانی حقوق کی تنظیموںاور شمالی امریکہ میں گردواروں کی انتظامیہ کمیٹی کے اشتراک سے ’سیو پنجاب ریلی‘منعقد کی جس میں پنجاب میں ریفرنڈم کا مطالبہ کیاگیا۔ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرکی گلیوںسے ریلی ، جس میں خالصتان حامی سکھ بھی شامل تھے، نے ہاتھوںمیں بینر اٹھا رکھے تھے جن میں ’بھارت کے جنگی جنون‘ اور ’پنجاب میں ریفرندم‘کے نعرے درج تھے۔ سکھ فیڈریشن فار جسٹس نے اقوام متحدہ میں یروگوائے کے مستقل نمائندے کو بھی یاداشت پیش کی ۔ معلوم رہے کہ یوراگوائے سلامتی کونسل کے15اراکین میںشامل ہے اور آئندہ جنوری میں کونسل کا صدارتی عہدہ سنبھال رہا ہے۔ یاداشت میں کہاگیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تنائو کی وجہ سے پنجاب میں ہزاروں سکھ کسان اپنے گھر چھوڑنے پر مجبورہورہے ہیں اور وہ مہاجرین جیسی زندگی گذار رہے ہیں۔ SJFکے قانونی مشیر نے کہاکہ جنگ کوئی حل نہیں اور پنجاب میں ریفرنڈم کرایاجائے۔ سرجیکل حملے کے دعویٰ کے بعد ہندو پاک کے درمیان بڑھتے تنائو کی وجہ سے پنجاب کے سرحدی علاقوں میںخوف و دہشت پائی جارہی ہے۔انتظامیہ نے بین الاقوامی سرحد کے 10کلومیٹر علاقہ میں رہائش پذیر لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کیا ہے۔ گردواروں اور مندروں کے سربراہوں نے سرپنچوں کی مدد سے لوگوںکو دوسری جگہ منتقل کیا۔ پنجاب کی533کلومیٹر سرحد پاکستان سے ملتی ہے اور 6اضلاع اور135گائوں بین الاقوامی سرحد سے قریب ہے ۔