کوڈوربا//ارجنٹینا کو اپنے عظیم کپتان اور فارورڈ لیونل میسی کی چوٹ کی وجہ سے کمی کافی بھاری پڑی اور اسے فٹ بال ورلڈ کپ کے اپنے کوالیفائنگ مہم میں پیراگوئے کے ہاتھوں اپنے گھر میں صفر۔ایک کی سنسنی خیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میسی چوٹ کی وجہ سے اس مقابلے میں نہیں کھیلے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیراگوئے نے دو بار کی چیمپئن ارجنٹینا کو 18 ویں منٹ میں گول سے چونکا دیا۔ اینجل رومیرو نے ڈرلس گونزالیز کو گیند تھمائي جنہوں نے سرجیو رومیرو کو اپنے شاٹ سے شکست دے کر میچ کا واحد میچ فاتح گول داغ دیا۔ اس ہار کے ساتھ ارجنٹینا نے مسلسل تین میچوں میں میسی کے بغیر سات پوائنٹس گنوا دیے ہیں۔ارجنٹینا جنوبی امریکی گروپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔پیراگوئے نے اس سے پہلے کبھی ارجنٹینا کو نہیں ہرایا تھا۔ پیراگوئے ٹیبل میں ارجنٹینا سے ایک پوائنٹ پیچھے ہے ۔ارجنٹینا اس گروپ میں چوٹی پر چل رہے برازیل سے پانچ پوائنٹس پیچھے ہے جس نے میردا میں وینزویلا کو اسی کے میدان میں دو۔صفر سے ہرا دیا۔ معطل کھلاڑی نیمار کے بغیر کھیل رہی پانچ بار کی چیمپئن برازیل کو یہ میچ جیتنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔اس گروپ میں یوراگوئے 20 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ایکواڈور 17 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ کولمبیا کے بھی 17 پوائنٹس ہیں لیکن وہ گول اوسط میں پچھڑکر چوتھے مقام پر ہے ۔ایک اور میچ میں یوراگوئے اور کولمبیا نے 2-2 کا ڈرا کھیلا۔ ایکواڈور اور بولیویا کا میچ بھی 2-2 سے ڈرا رہا۔کوپا امریکہ چیمپئن چلی نے پیرو کو تین ۔ایک سے شکست دی۔ چلی کی ٹیم اب 14 پوائنٹس کے ساتھ پیراگوئے کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔جنوبی امریکی گروپ سے چوٹی کی چار ٹیمیں 2018 میں روس میں ہونے والے عالمی کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرے گی جبکہ پانچویں مقام کی ٹیم کو اپنی جگہ بنانے کیلئے انٹر کاٹنینٹل پلے آف کھیلنا ہوگا۔یواین آئی