ہرارے: زمبابوے نے ٹیم کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کو ڈیو واٹمور کی جگہ نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔زمبابوے کرکٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ’کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کو زمبابوے ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ نامزد کیا گیا ہے‘۔ ہیتھ اسٹریک نے بلاوایو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بورڈ کے ساتھ دوسالہ معاہدے کی تصدیق کی۔ہیتھ اسٹریک کا کہنا تھا کہ 'مجھے اس ملک کی کپتانی کے بعد ہیڈ کوچ کے عہدے کی پیش کش بڑے عزت کی بات ہے اور یہ ذمہ داری نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ زمبابوے کرکٹ کے مداحوں اور چاہنے والی مدد سے ملتی ہے'۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'میرا ماننا ہے کہ یہاں زمبابوے میں وسائل ہیں اور صرف اس کو کارآمد بنانے کے ساتھ ساتھ منصوبہ بندی کرنا اہم نکتہ ہے'۔زمبابوے کو ورلڈ کپ 2019 تک رسائی دلوانا اسٹریک کے لیے ایک بڑا امتحان ہے تاہم بطور ہیڈ کوچ ان کا پہلا امتحان سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز اور ویسٹ انڈیز کے ہمراہ سہ فریقی ایک روزہ سیریز ہوگی۔پہلی سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'آنے والی سیریز اور اگلے سال کے نصف تک ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے جس کے ساتھ ہم بہتری کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں'۔