سرینگر// سرینگر کے مضافاتی علاقے زکورہ میں جمعہ کی شام جنگجوئوں نے فورسز کی ایک کانوائے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میںایک اہلکار ہلاک جبکہ دیگر8زخمی ہوئے۔ جنگجو کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاررائی شروع کردی ہے۔پانپور میں ای ڈی آئی حملے کے بعد ایک مرتبہ پھر عسکریت پسندوں نے سرینگر میں اپنی موجودگی کا اظہار کرتے ہوئے زکورہ علاقے میں نیم فوجی دستوں کو نشانہ بناتے ہوئے اندھادھند فائرئنگ کی۔پولیس کے مطابق کم از کم2جنگجوئوں نے ایس ایس بی کی گشتی پارٹی پر اس وقت حملہ کیا جب ڈیوٹی پر تعینات رہنے کے بعد وہ واپس جا رہے تھے فائرنگ کا یہ واقعہ زکورہ میں جموں کشمیر بنک کے نزدیک رونما ہوا جس میں جنگجوئوں کی اندھادھند فائرنگ سے9 اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے5کی حالت تشویشناک ہے۔اس دوران کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے ترجمان راجیشور یادو نے بھی اس بات کی تصدیق کی جنگجوئوں کے حملے میں ایس ایس بی کے9اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار کی حالت انتہائی نازک تھی اور بعد میں وہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ترجمان نے کہا کہ فوری طور پر ہلاک شدہ اہلکار کا نام معلوم نہیں ہو سکا تاہم وہ جنوبی ہند کی ریاست کیرالہ کا رہنے والا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ اہلکار کی پیٹ میں گولی پیوست ہوئی ۔ادھر پولیس ذرائع کے مطابق بعد میں ایک ایس ایس بی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں ہلاک ہوا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند حملہ کر کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم فوری طور پر پورے علاقے کا تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ۔ادھر علاقے میں گولیوں کی گن گرج کی وجہ سے زبردست خوف وہراس پھیل گیا اور زبردست تنائوو کشیدگی پھیل گئی۔