جموں//وزیر مملکت ہاوسنگ وشہری ترقی ،سماجی بہبود، صحت وطبی تعلیم آسیہ نقاش نے کہاکہ خواتین کی امپاورمنٹ حکومت کی پالیسیوں سے مستفیدہونے میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کوبہبودسکیموں کازیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے آگے آناچاہیئے۔ان خیالات کااظہاروزیرموصوفہ نے بھارت سکائوٹس اینڈگائیڈس ایسوسی ایشن نے شری گوروگوبندسنگھ ہائرسکینڈری سکول کی طرف سے ’لڑکیوں کے عالمی دن ‘ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ ا س دوران آسیہ نقاش نے کہاکہ حکومت نے لاڈلی بیٹی اورآسرا شروع کی ہیں تاکہ لڑکیوں کوان کے حقوق مل سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پیدائش سے قبل ماں کے بطن میں لڑکیوں کی موت کی روکتھام کیلئے حکومت نے بیٹی بچائو۔بیٹی پڑھائوسکیم شروع کی جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان سکیموں سے بچیوں کے حقوق کاتحفظ بچپن سے جوانی تک یقینی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کیلئے خوف سے مبراماحول پیداکرناوقت کی ضرورت ہے۔اس موقعہ پر بھارت سکائوٹس اینڈگائیڈس ایسوسی ایشن کے کارکنان پر لڑکیوں کی بہبودسے متعلق سکیموں کی عمل آوری کیلئے تعاون دینے پرزوردیا۔اس دوران تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباء نے سکٹ، تقریریں اورنظمیں بھی پیش کیں۔ بعدازاں وزیرمملکت موصوفہ نے شرکاء میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقعہ پر چیئرمین شری گوروگوبندسنگھ سکول ہربنس سنگھ ،پرنسپل ایم ڈی ایس ، سٹاف وطلباء بھی موجودتھے۔