بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر واقع جواہر ٹنل کے اندر وادی کشمیر سے بیرون ریاست جانے والے ایک فروٹ ٹرک کو آگ لگ جانے کی وجہ سے ٹنل کی ایک ٹیوب میں ٹریفک کی آمدروفت کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔ آگ کی اس وردات میں ٹرک کا کیبن مکمل طور سے خاکستر ہوگیا اور ڈرائیور کو وہاں موجود پولیس ، سی ار پی ایف اور فائر سروس کے عملے نے بحفاظت باہر نکال لایا۔ فائر سروس عملے نے ٹرک کو مزید جلنے سے بچالیا تاہم ٹرک کا کیبن آگ کی اس واردات میں مکمل طور جل کر راکھ ہوگیا۔ یہ ٹرک نمبر HP-38A/8398 وادی سے بیرون ریاست میوہ لیکر جارہاتھا کہ اچانک ٹنل کے اندر ٹرک کے ڈرائیور کیبن میں آگ نمودار ہوئی اور واقع کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس ، پولیس ، سی ار پی ایف اور کشمیر سیکورٹی کا عملہ حرکت میں آگیا اور ٹرک میں سوار ڈرائیور سروپ سنگھ ولد رام سنگھ ساکنہ دھوم ، پٹھانکوٹ کو جلتے ٹرک سے باہر نکال لیا گیا۔ ٹرک میں آگ لگنے کی وجہ سے ٹنل کی ایک ٹیوب ٹریفک کیلئے کئی گھنٹوں تک متاثر رہی اور گاڑیاں ٹنل کے اندر پھنسی رہیں بعد میں ٹرک کے ملبہ کو صاف کرنے کے بعد ہی اس سرنگ سے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ آگ لگنے کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پولیس سٹیشن بانہال میں اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔