راجوری //وزیر برائے خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین چوہدری ذوالفقار علی پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے راجوری میں بڑی تعداد میں خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کرنے والی خواتین کاکہناتھاکہ انہیں گزشتہ دنوں یہ کہہ کر راجوری جلسے میں بلایاگیاتھاکہ انہیں مفت ایل پی جی گیس کنکشن دیئے جائیںگے لیکن اس موقعہ پر چند ہی خواتین کو گیس کنکشن سرٹیفکیٹ دیئے گئے اور دیگر کو مایوس گھر لوٹادیاگیا۔خواتین کاکہناتھاکہ اجوالا یوجنا سکیم کا افتتاح کرنے کیلئے تین روز قبل ریاستی وزراء کی ایک ٹیم راجوری پہنچی جس میںچوہدری ذوالفقار علی کے علاوہ جنگلات وماحولیات کے وزیر چوہدری لعل سنگھ ، بھیڑ ،پشوپالن اور ماہی گیری کے وزیر چوہدری عبدالغنی کوہلی اور ممبرپارلیمنٹ جموں پونچھ جگل کشوربھی شامل تھے جس دوران راجوری اور پونچھ سے سینکڑوں کی تعداد میں خواتین کو یہ کہہ کر اکھٹاکیاگیاکہ انہیں مفت ایل پی جی گیس کنکشن دئیے جائیں گے لیکن انہیں مایوس کرکے واپس لوٹادیاگیا ۔خواتین نے چوہدری ذوالفقار علی کے خلاف جم کرنعرہ بازی کرتے ہوئے جلوس بھی نکالا جوچلڈرن پارک سے شروع ہوکر ڈی سی آفس پہنچا ۔خواتین کا الزام تھا کہ انہیں دو روز قبل وزراء کے اجتماع میں بلایا گیا اور پھر کئی گھنٹوں تک انتظار کے بعد وزراء اپنی تقاریر جھاڑنے کے بعد کالی کاروں میں سوار ہوکر واپس چلے گئے اورخواتین کو بھی مایوس ہوکر گھر لوٹنا پڑا ۔اس احتجاجی جلوس کی قیادت کانگریس بلاک صدرڈونگی شمیم اختر کررہی تھیں ۔خواتین کاکہناتھاکہ ان کو جلسہ میں بلاوجہ بلاکر تذلیل کی گئی ، اگر ایل پی جی کنکشن فراہم نہیں کرنے تھے تو انہیں دوردراز گاؤں سے کیوں غلط بیانی کرکے جمع کیاگیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے شمیم اختر نے کہا کہ راجوری کے میونسپل حدود میں رہنے والی اکثر بی پی ایل خواتین کو فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر خط افلاس سے نیچے کی زندگی بسر کرنے والی خواتین میں مفت ایل پی جی گیس کنکشن فراہم کرنے ہیں تو راجوری میں رہنے والی ان خواتین کو کیوں نظر انداز کیا گیا جو بی پی ایل زمرے سے بھی باہر ہیں ۔ سابق کونسلر راجوری مشتاق احمدنے کہا کہ وارڈ نمبر تین راجوری کی خواتین مفلسی کی زندگی گزار رہی ہیں جنہیں ترجیحاتی بنیادوں پر ایل پی جی گیس کنکشن فراہم کرنے چاہئے لیکن ایسا نہیں ہورہا ۔ احتجاجی خواتین ڈپٹی کمشنر راجوری شبیر احمد بٹ سے بھی ملاقی ہوئیں جنہوںنے انہیں یقین دلایاکہ ابھی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں اور جومستحق لوگ فہرستوں میں شامل نہیں ،کو بھی اس سکیم کے تحت فائدہ دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کنبہ کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور ہر ایک کو اس کا حق ملے گا۔