راجوری //راجوری میں سیکورٹی کے نگرانی والے علاقے سے خاتون کا نامعلوم نوجوانوں نے پرس چھین لیا ۔ یہ واقعہ ڈاک بنگلہ راجوری کے نزدیک چلڈرن پارک کے متصل پیش آیاہے جووی پی آئی علاقہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ سیکورٹی فورسز کی کڑی نگرانی میںہوتاہے ۔ذرائع کے مطابق شام کے 4بج کر45منٹ پر ایک خاتون سلیمہ بیگم زوجہ محمد عظیم ساکن کھانڈلی اپنے بیٹے کے ہمراہ پیدل چل رہی تھی کہ اسی اثناء میں موٹرسائیکل پر سوار ہوکر دو نوجوان آئے اور وہ پرس چھین کر وہاںسے فرار کرگئے ۔متاثرہ خاتون کے مطابق پرس میں چار سے پانچ ہزار نقدی روپے ،موبائل فون اور دوائیوں کا نسخہ تھا۔راجوری میں پچھلے تین دنوںکے دوران یہ دوسرا ایسا واقعہ ہے ۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک نوجوان سے ایک لاکھ روپے چھین لئے گئے تھے۔