سرینگر//خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران راجوری اور پونچھ اضلاع کو سیاحتی نقشہ پر لانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں ان اضلاع میں موجود سیاحتی گنجائش اور وسعت کو بروئے کار لانے کے اقدامات اور سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے پر بھی غور وخوض کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان اضلاع میں وسیع سیاحتی گنجائش موجود ہے اور یہاں مذہبی و مہم جو سیاحت کے مواقعے بھی موجود ہیں۔میٹنگ میں مزید کہا گیا کہ محکمہ سیاحت ان اضلاع کو ٹور پیکج میں شامل کرنے کے لئے نجی ٹور و ٹریول آپریٹروں کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے۔وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحوں کو پینگ گیسٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مقامی لوگوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور اس سے دونوں اضلاع کی اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی۔میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیر موصوف نے بدھل۔ شوپیاں روڈ کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل سے بھی ان اضلاع میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے خطہ میں سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لئے پیر پنچال سیاحتی ماسٹر پلان ترتیب دینے کی بھی ہدایت دی۔وزیر نے کہا کہ سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لئے نئے مقامات کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ موجودہ سیاحتی مقامات میں مزید سہولیات دستیاب رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ سیاحت کو فروغ دیاجاسکے۔جے کے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال چوہدری نے وزیر کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پبلک پارکوں اور دیگر سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری سیاحت فاروق احمد شاہ، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ہاورن ملک، پونچھ اور راجوری اضلاع کے اے سی آرز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔