کپوارہ //کرالہ گنڈ ہندوارہ علاقے میں فوج نے منگل کی علیٰ الصبح کریک ڈاون کر کے 25 شہریوں کو گرفتار کیا جس میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد شامل ہیں۔ عین شاہدین کا کہنا ہے فوج کی 30 ،32 آر آر اور ایس او جی نے کرالہ گنڈ ہندوارہ کا کریک ڈاون کیا جس کے بعد گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی اور لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے ۔ فوج نے اُن مطلوب نوجوانوں کے شناختی کارڈ چیک کئے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے امن وامان میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کے علاوہ فورسز پر پتھراؤ کیا۔ ان نوجوانوں کو کریک ڈاون کے دوران گرفتار کیا گیا ۔ عوامی احتجاجی لہر کے دوران پہلی بار فوج نے کریک ڈاون کر کے مطلوب نوجوانوں کو گرفتار کیااور یہ سلسلہ منگل کی دوپہر بارہ بجے تک جاری رہا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گرفتاریوں کے چکر میں انتظامیہ کی جانب سے کرالہ گنڈ اور بیگ پورہ میں سخت بندشیں عائد کی گئیں تھیں۔ بعد دوپہر خواتین کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور فوج کی جانب سے گرفتاریوں کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اس دوران نوجوانوں کی کچھ ٹولیاں بھی گرفتاریوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے جس کے بعد فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں ۔ مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فورسز نے ٹیئر گیس شلنگ کی جس کے بعد احتجاجی مظاہرین منتشر ہوئے ۔جن افراد کو گرفتار کیا گیا ان میں ایک ہی خاندان کے غلام محمد لون عمر 70سال، سجاد احمد لون ، رمیز راجا ، عبدالقیوم لون ، شہزاد احمد لون ، محمد رفیق لون ، جاوید احمد لون ، پرویز احمد لون ، عرفان احمد لون ، محمد عامر لون ، ہمایوں لون شامل ہیں۔اسکے علاوہ جو دیگر افراد گرفتار کئے گئے ان میںفردوس احمد خان ، علی محمد بیگ ، محمد مقبول بیگ ، خضر محمد بیگ ، منظور احمد بیگ ، فردوس احمد راتھر ، الطاف احمد راتھر ، جاوید احمد خواجہ ، بشیر احمد لون ، دانش حبیب ، بشیر احمد لون ، مشتاق احمد خواجہ ، طارق احمد خواجہ ، عبدالرشید خواجہ شامل ہیں۔