نوشہرہ //نوشہرہ کے گائوں چک جرالاں سے تین روز قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش برآمد ہونے پر گائوں میں ماتم کا ماحول ہے ۔ یادر ہے کہ انور حسین ولد عالم دین عمر اٹھائیس سال ساکن چک جرالاں بگنوئی تین روز قبل اپنے گھر سے دریا پر بجری ریت نکالنے کیلئے گیاتھا لیکن وہ واپس نہیں لوٹا۔ آج دریاکے چند میٹر دور پر اس کی لاش برآمد ہوئی جس پر پورے گائوں میں سنسنی پھیل گئی اور لوگوں نے اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا ۔ اس دوران پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل لینے کے بعد سب ضلع ہسپتال نوشہرہ منتقل کیاجہاںپوسٹ مارٹم کرانے کے بعد اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردیاگیا۔ اس حوالے سے پولیس نے دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ واضح رہے کہ منگل کے روز گائوں نوپنال کے رہنے والے سنجیو کمار ولد رتن لعل کی لاش نوپنال پل سے برآمد ہوئی تھی ۔ مذکورہ دونوں لاشوں کے بارے میں کوئی پتہ نہیں چل سکاہے تاہم پولیس اس معاملے میں تحقیقات کررہی ہے ۔ اس طرح کے واقعات کے بعد نوشہر ہ کے لوگوں میں خوف و دہشت پائی جارہی ہے ۔