اسلام آباد// ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے نصراللہ پورہ بڈگام میں جاں بحق طالب علم کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔نفیس زکریا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ جاوید میر خاندان کا واحد کفیل اور بھارتی فورسز کے خلاف کسی مظاہرے میں شریک نہیں تھا۔انہوں نے جاوید میر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیںجاوید میر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی ہے۔‘ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر میں فورسز کی ناانصافیوں کے خلاف پاکستان کے موقف کو دہرائے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر میں بھارتی مظالم اور پیلٹ گنز کے باعث سینکڑوں کشمیریوں کے نابینا ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 8 جولائی سے اب تک 150 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث سیکڑوں اپنی بینائی سے بھی محروم ہوچکے ہیں، جسے ہر حال میں رکنا چاہیے۔‘نفیس زکریا نے بھارتی انتظامیہ کے زیر حراست حریت رہنما یاسین ملک کی خرابی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بھارتی فورسز نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور آسیہ اندرابی کو بھی غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔‘