موہالی، 23 اکتوبر (یو این آئی) دنیا کے بہترین وکٹ کیپرز میں شمار ہندستان کے ون ڈے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں 150 اسٹمپنگ کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا ہے ۔دھونی نے یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں اتوار کو لیگ اسپنر امت مشرا کی گیند پر راس ٹیلر اور لیوک رونچی کو اسٹمپ کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا۔دھونی کے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 تینوں فارمیٹ میں اب 151 اسٹمپنگ ہو گئی ہیں۔سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 139 اسٹمپنگ کے ساتھ کافی پیچھے چھوٹ چکے ہیں۔ورلڈ کپ فاتح کپتان دھونی نے اپنے کیریئر میں 90 ٹیسٹ میچوں میں 38 اسٹمپنگ ، 281 ون ڈے میں 91 اسٹمپنگ اور 73 ٹوئنٹی 20 میں 22 اسٹمپنگ ہیں ۔ تینوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ شکار کرنے کے معاملے میں دھونی 44 میچوں میں 712 شکار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔دھونی نے اپنے کیریئر میں 561 کیچ لپکے اور 151 اسٹمپنگ کی ہیں۔دھونی سے آگے آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ اور جنوبی افریقہ کے مارک باؤچر ہیں۔گلکرسٹ نے 396 میچوں میں 905 شکار اور باؤچر نے 467 میچوں میں 998 شکار کیے ہیں۔باؤچر کے کھاتے میں 96 اسٹمپنگ اور گلکرسٹ کے کھاتے میں 92 اسٹمپنگ ہیں۔یو این آئی۔