جموں//بین الاقوامی سرحد پر تازہ فائرنگ میں 7خواتین زخمی ہو گئی جس میں ایک ہی کنبہ کی 6خواتین شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جموں سیکٹر میں رات بھر خاموشی رہی اور منگل کے روز فائرنگ شروع ہو گئی جس دوران شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سچیت گڑھ اور چندو چک علاقہ میںایک گولہ اس مکان کے اندر آ گرا جہاں لوگوں نے پناہ لے رکھی تھی، گولے کے چھرے لگنے سے یہ خواتین زخمی ہو گئیں جن کی شناخت 28سالہ کملیش کمار زونہ سبھاش کمار، ان کی 12سالہ بیٹی ساکشی، 26سالہ وینا دیوی زوجہ پون کمار اور ان کی 10سالہ دختر سنجنا، منجو چودھری عمر 15سال دختر کرن چودھری اور سوما دیوی عمر 40سال زوجہ راج کمار ساکنان سچیت گڑھ کے طور پر کی گئی ہے ۔ جس وقت گولہ مکان کے اندر گرا اس وقت صرف خواتین ہی گھر میں موجود تھی جب کہ مرد باہر گئے ہوئے تھے۔ آر ایس پورہ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سبھی زخمیوں کو جموں میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دریں اثنا چندو چک علاقہ میں ایک ادھیڑ عمر خاتون دلجیت کور کے زخمی ہونے کی اطلات ہیں ، اسے بھی ایک گولے کا ٹکڑا آلگا ۔ اس خاتون کو بھی میڈیکل کالج میں بھرتی کروایا گیا ہے ۔بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے سچیت گڑھ اور آر ایس پورہ میں ہر اول چوکیوں کے علاوہ شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس میں چھوٹے ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولے پھینکے گئے اور اس سے املاک کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف فائرنگ کا مناسب جواب دے رہی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ایک بی ایس ایف اہلکار اور 6سالہ بچہ ہلاک ہو گیا تھا جب کہ دو اہلکاروں سمیت 10افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اوڑی حملہ کے بعد پاکستان اور ہندوستانی افواج کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کی 40دفعہ خلاف ورزی ہو چکی ہے ۔