سرینگر//نیشنل کانفرنس نے ’سماٹ سٹی ‘سے متعلق پی ڈی پی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے بلائی گئی جماعتی میٹنگ میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں یہ میٹنگ عوام کے جذبات اور احساسات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے علاوہ بے سود اور بے معنی مشق ثابت ہوگی۔ میٹنگ میں مدعو کئے گئے نیشنل کانفرنس کے ممبرانِ اسمبلی ایڈوکیٹ علی محمد ساگر، حاجی مبارک گل، ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس، آغا سید روح اللہ اور شیخ اشفاق جبار نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں سمارٹ سٹی سے متعلق میٹنگ کے انعقاد کو اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسی میٹنگ طلب کرنے کا کیا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب وادی کے عوام 111روز سے مسلسل ہڑتال، کرفیو، بندشوں، جھڑپوں، کریک ڈائون، اندھا دھند گرفتاریوں اور آپریشن توڑ پھوڑ کی مار جھیل رہے ہیں، ایسے میں حکومت کی طرف سے سمارٹ سٹی سے متعلق میٹنگ طلب کرنا عوام کے جذبات اور احساسات کو ٹھیس پہنچانا ہوگا۔ لیڈران نے کہا کہ ایک طرف حکومت نے فورسز کو لوگوں کے مکانوں کی توڑ پھوڑ کرکے اُن کے حُلیہ بگاڑنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور دوسری جانب سمارٹ سٹی کے نام پر شوشے پھیلائے جارہے ہیں۔ لیڈران نے کہا کہ وقت کی ضرورت تھی کہ حکمران جماعتیں عوام کی راحت رسانی کیلئے کوئی ٹھوس اقدام کرتے لیکن مخلوط اتحاد میں شامل دونوں جماعتیں جیسی زمین سطح پر غائب ہوگئی ہیں اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔