رام بن // وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے ضلع رام بن کے چندر کوٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ضلع کے ترقیاتی اور سلامتی منظر نامے کا جائیزہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنررام بن محمد اعجاز نے مشیر موصوف کو ضلع کی مجموعی امن و قانون کی صورتحال اور ترقیاتی عمل کے بارے میں جانکاری دی۔جب کہ ایس ایس پی رندیپ کمار، ایڈیشنل ڈی سی رویندر کمار سادھو، سی پی او اتم سنگھ، سی ای او، بجلی، تعمیرات عامہ، پی ایم جی ایس وائی کے انجینئر، ڈی ایف او، بٹوت،ر ام بن، سوشل فارسٹری، اور دیگرافسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ امتابھ مٹو نے لوگوں کو درپیش مسائل ، ترقی کے ترجیحی سیکٹروں اور ترقیاتی اسکیموں کی عمل آوری میں آنے والی رکائوٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے درمیان تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے طبی اور تعلیمی شعبہ میں عملہ کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس مسئلہ کے حل کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائین گے۔ انہوں نے ضلع رام بن میں شرح خواندگی کی کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس پسماندہ علاقہ میں تعلیم کی ترویج کو فروغ دینے کے لئے کہا ۔ضلعی افسران نے مشیر کو ترقیاتی اسکیموں کے سٹیٹس کے بارے میں جانکاری دی تو پروفیسر مٹو نے قومی شاہراہ پر آئے روز لگنے والے جام پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس مسئلہ سے نپٹنے کے لئے اقدامات کرنے کو کہا۔ انہوں نے علاقہ میں سیب اور دیگر پھلوں کی پیداوار بڑھانے، بجلی اور پانی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے بھی کہا۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے حمائت اور اُڑان جیسی سکیموں کے تحت سپانسر کئے گئے نوجوانوں کے لئے ان ہاؤس تربیت کی سہولیات کو یقینی بنانے میں مشیر کی مداخلت طلب کی۔اس کے علاوہ انہوں نے ضلع کے بے روز گار نوجوانوں کے لئے روز گار کے نئے مواقعے پیدا کرنے کی بھی وکالت کی۔