پونچھ//سرکار نے آدھار کارڈ بنانے کا سلسلہ شروع کر کے لوگوں کو مزید پریشانیوں میں ڈال دیا ہے ۔اگرچہ سرکاری اعلانات کئے جارہے ہیں کہ یہ کارڈلوگوں کو بغیر کسی اجرت کے بنا کر دیئے جائیں گے تاہم متعلقہ ایجنٹوں پر غریب عوام کو دو دو ہاتھوں سے لوٹنے کے الزامات لگ رہے ہیں ۔سماجی کارکن ولی محمد شیخ نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف الیکٹرانک اور پریس میڈیا پر اشتہارات دیئے جاتے ہیںکہ اپنا آدھار کارڈ بنوائیں جس کیلئے کوئی اجرت نہیں دینی لیکن دوسری جانب لوگوں کے ساتھ نا انصافیاں جاری ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع پونچھ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے ساتھ کھولاگیاآدھار کارڈ دفترلوگوں کیلئے پریشانیوںکا باعث بن گیاہے اور وہاں لوٹ مار کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس دفتر سے ہر ایک کا آدھار کارڈ نہیں بن رہا اور کچھ لوگوں کوہی فائدہ دیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ متعلقہ ایجنٹوں نے لوٹ مار شروع کررکھی ہے اور اس پر طرہ امتیاز یہ کہ انتظامیہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ذاتی مداخلت کر کے لوگوں کو راحت پہنچانے کے اقدام کریں اور ان ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کریں جو غریب عوام کولوٹ رہے ہیں۔