کراچی // پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ تجربہ کار آف اسپنر سعید اجمل ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کہا کہ 'سعید اجمل نے ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہترکارکردگی دکھائی، اگروہ اس کارکردگی کو تسلسل دینے میں کامیاب ہوتے ہیں تو انھیں ملک کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'وہ ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور اگر وہ ٹیم میں واپس آتے ہیں تو یہ اچھا ہوگا'۔تاہم انضمام الحق نے واضح کیا کہ سلیکٹرز سعید اجمل اور دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور انھیں صرف قومی ٹیم کی ضرورت کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ 'اب ہم ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھلاڑیوں کے انتخاب کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں اور اگر کسی بھی وقت اجمل کی ضرورت ہوئی تو انھیں قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے بلایاجائے گا'۔39 سالہ سعیداجمل نے اپریل 2015 میں پاکستان کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلا تھا جب بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی میں انھیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔سعید اجمل 2008 سے 2015 کے دوران قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے تھے اس دوران انھوں نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔