میر پور// بنگلہ دیش نے تمیم اقبال کی سنچری اور مومن الحق کے ساتھ ذمہ دارانہ رفاقت کی بدولت دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے جبکہ50کے اسکور پرانگلینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کردیا۔میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کو شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔تمیم اقبال اور مومن الحق نے امرالقیس کے ایک رن پر آؤٹ ہونے کے بعد 171 رنز کی بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو اچھی پوزیشن پر کھڑا کیا لیکن بعد میں آنے والے بلے باز اس سے فائدہ اٹھانے میں مکمل طور پر ناکام ہوئے ۔تمیم اقبال نے 104 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 171 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد مومن الحق 190 کے اسکور پر 66 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کی جانب سے ایک بڑے اسکور کی امیدیں دم توڑ گئیں۔محموداللہ 13 اور شکیب الحسن 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مشفق الرحیم صرف چار رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 201 رنز تھا۔معین علی کی نپی تلی بالنگ کے سامنے میزبان بلے باز ناکام ہوئے اور بنگلہ دیش کے 7 بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکے اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔