سوپور//قصبہ سوپور اور اس کے گرد نواح علاقوں میں 115ویں روز بھی مکمل ہڑتال رہی ۔اسی دوران نامعلوم افراد نے ایک چھاپڑی فروش پر پٹرول بم پھینکا جس سے وہ زخمی ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ سوپور سوموارکو مکمل ہڑتال رہی تاہم قصبہ کے بیشتر شاہرائوں پر فورسز تعینات رہی تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، جبکہ قصبہ سوپور میں کچھ چھاپڑی فروش سڑکوں پر موجود رہے اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی بھی نقل و حرکت جاری رہی۔ اسی دوران صبح ساڑھے سات بجے نامعلوم افراد نے ایک چھاپڑی فروش طارق احمد ملہ پر پیٹرول بم پھینکا جو کہ اس کے ماتھے پر لگا جس سے وہ زخمی ہوا۔ اسے فوراً سوپور اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کارروائی سے قصبہ بھر کے پٹری والوں اور چھاپڑی فروشوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واضح رہے یہ قصبہ میں گذشتہ ہفتے کے دوران دوسرا واقع پیش آیا۔ اس سے قبل گذشتہ جمعہ کے روز سوپور اسپتال کے نزدیک اسی طرح سے نا معلوم افراد نے جاوید احمد نامی چھاپڑی فروش پر پٹرول بم پھینکا جس سے ان کا سامان سمیت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔ اور آج یہ واقع سوپور کے اسپتال کے نزدیک نیو کالونی کے موڑ پر پیش آیا۔