سرینگر//پی ڈی ایف سربراہ اورممبر اسمبلی خانصاحب حکیم محمدیاسین نے سکولوں اور دیگر املاک کو جلانے پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکولوں کو جلانا ایک قابلِ افسوس اور تشویشناک عمل ہے اور حکومت کا رویہ اس سے بھی زیادہ قابلِ افسوس ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے ریاستی سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صرف بیان بازی تک ہی محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس لحاظ سے مخلوط سرکار پوری طرح ذمہ دار ہے کہ جو ملوثین کے خلاف کاروائی تو دور، پتہ لگانے میں بھی ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طالبِ علموں کو تنگ و طلب کرکے اپنی موجودگی کا تاثر دینا چاہتی ہے اور اُن کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرکے سیاست کررہی ہے۔ حکیم یاسین نے مطالبہ کیا کہ امتحانات کو موخر کیا جائے کیونکہ حالات اور موسم اِسکی اجازت نہیں دیتے ہیں۔