پونچھ//حد متارکہ پر واقع گائوں چھمبر کناری میں گزشتہ شب آتشزدگی سے پانچ رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہواہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل صدر مقام منڈی سے سات کلو میٹر دور چھمبر کناری میں غلام احمد نامی شخص کے رہائشی مکان میں رات 11بجے کے قریب اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر پانچ مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ اگر چہ مقامی لوگوں نے فائر سروس کو فوری طور پر مطلع کیااور خود بھی آگ بجھانے کی کوشش شروع کر دی تاہم فائر سروس کی گاڑی پہنچنے سے قبل ہی چھ مکانات جل کر راکھ ہوگئے تھے ۔اس واقعہ میں غلام محمد ولد رحیم راٹھی کے سر پر مکان کی لکڑی لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے ۔انہیں پہلے ضلع اسپتال پونچھ پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے حالت دیکھ کرمزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں روانہ کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے لیکن ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔اس واردات کے نتیجہ میںغلام احمد، جمال دین، محمد اکبر پسران عبدالسبحان راٹھی، سلطان محمد ولد محمد دین ،عزیزبیگم بیوہ عبداللہ راٹھی، عبدالغنی کے مکانات جل کر راکھ میں تبدیل ہو گئے ۔دریں اثنا نائب تحصیلدار ساوجیاں اختر عباس میر نے علاقہ کا دورہ کرکے متاثرہ کنبوں میںایک ایک ٹینٹ ،چار چار کمبل اورایک ایک رضائی ،رسوئی سامان کا ایک ایک سیٹ ،فی کس چاول پچاس کلو ،آٹا 50 کلو اور دودو ہزار نقدی روپے کی امداد تقسیم کی ۔اختر عباس میر نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں متاثرین کی ضلع انتظامیہ کی طرف سے مزید امداد کی جائے گی۔ سرپنچ چھمبر کناری عبدالخالق کے مطابق انتظامیہ نے وقتی طور پر تھوڑی بہت مدد کی مگر اس سے متاثرین کا گزارا نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پانچ رہائشی مکانات جلنے سے علاقہ کے 9 کنبہ جات بے گھر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کے حق میں جلد از جلد آئی اے وائی سکیم کے تحت مکانات تعمیر کر وانے کو منظوری دی جائے اور ان کو معاوضہ بھی فراہم کیاجائے ۔ایک اندازے کے مطابق آگ کی وجہ سے لگ بھگ دو کروڑ روپے کا نقصان ہواہے ۔