راجوری //سٹیٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے ممبر سید منظور بخاری نے پیٹرولیم کمپنیوں اور گیس ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایاہے کہ وہ غریب لوگوں کو لوٹ رہی ہیں ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اگر ان کمپنیوں نے لوٹ مار کا سلسلہ ختم نہ کیاتو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ پردھان منتری اجولایوجنا سکیم کے تحت بی پی ایل زمرے کے تحت آنے والے کنبوںسے 1550روپے لینے کی شکایات سامنے آرہی ہیں ،اگر ایسا ہے تو کمپنیوں کو کارروائی کیلئے تیار رہناچاہئے ۔ انہوںنے متعلقہ وزیر سے اپیل کی کہ وہ اس لوٹ مار کا نوٹس لیں اور ایجنسیوں کیخلاف کارروائی عمل میںلائیں ۔انہوںنے کہاکہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ یہ لوٹ مار وزیر کے اپنے ہی علاقے میں ہورہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے پرروک لگنی چاہئے اور غریب لوگوں کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔دریں اثناء ڈی ڈی گیس ایجنسی نے کہاہے کہ اس کی طرف سے اجولا سکیم کے تحت کوئی رقومات نہیں لی جارہی ۔ایک پریس بیان میں گیس ایجنسی نے کہاکہ وہ تمام صارفین کو قرضہ جات کی بنیاد پر گیس کنکشن فراہم کررہی ہے اور اس کے بدلے کوئی رقم نہیںلی جارہی ۔تاہم کمپنی نے کہاہے کہ وہ دیگر کمپنیوں کی طرف سے رقومات لینے کے بارے میں کوئی خبر نہیں رکھتی ۔