نئی دہلی //قانون سا زکونسل کے ڈپٹی چیئرمین جہانگیر حسین میر نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران انہوںنے وزیر داخلہ کو حالیہ ہندپاک کشیدگی کی وجہ سے پیدا ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور اپیل کی کہ راجوری پونچھ اور ریاست کے دیگر خطوں کے سرحدی متاثرین کی فوری طور پر امداد کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ راجوری پونچھ کے سرحدی متاثرین کیلئے ایک علیحدہ کالونی تعمیر کی جائے تاکہ انہیں باربار متاثر نہ ہوناپڑے ۔ میر نے بتایاکہ پاکستانی شلنگ کی زد میں آکرزخمی ہونے والے افراد مشکلات سے دوچار ہیں جن کے علاج کیلئے خصوصی انتظام کیاجاناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیشہ سے نظرانداز رہے ان لوگوں کی مدد کی جائے اورسرکاران کی بازآبادکاری عمل میں لائے ۔انہوںنے مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ راجوری پونچھ کے بیروزگار نوجوانوں کو پولیس ، آرمی اور بی ایس ایف وغیرہ میں بھرتی کیاجائے ۔انہوںنے خطہ پیر پنچال کیلئے ریل رابطے کا بھی مطالبہ کیا ۔راجناتھ سنگھ نے تمام مسائل بغور سننے کے بعد یقین دلایاکہ مستقبل قریب میں انہیں حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔جہانگیر میر نے مرکزی وزیر برائے ریلوے ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راجیہ سبھا میں قائد حز ب اختلاف غلام نبی آزاد سے بھی ملاقاتیں کیں ۔