راجوری// وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کو مل بیٹھ کر کنٹرول لائن اور سرحد پر موجودہ حالات پر قابو پانا چاہئے کیونکہ ان حالات سے جموں کشمیر کے لوگ بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ یہاں جاری بیان کے مطابق چودھری ذوالفقار علی نے فائرنگ میں مارے گئے 8لوگوں کے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پرغریب کنبے ہند پاک کے خراب تعلقات کاشکار ہورہے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ ان علاقوں کے لوگوں نے کئی جنگیں دیکھی ہیں جنہیں مزید نقصان سے دوچار نہ کیاجائے ۔وزیر نے کہاکہ اس بار بھی ہند پاک سرحد پر بگڑے حالات سے انہی لوگوں کا جانی نقصان ہوا ہے جبکہ کئی کنبوں کو بے گھر ہوناپڑاہے۔بیان کے مطابق وزیرموصوف نے ضلع انتظامیہ راجوری و پونچھ، سانبہ اور جموں سے بات کرکے سرحدی متاثرین کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے ہندوستان اور پاکستان سے اپیل کی کہ آپس میں ایسے تعلقات قائم کئے جائیںجس سے جموں کشمیر پر منفی نہیں بلکہ مثبت اثر پڑے ۔انہوںنے کہاکہ فوری طور پر مذاکرات کا سلسلہ شروع کیاجائے کیونکہ موجودہ صورتحال سے حد متارکہ کے آرپار کی آبادی کو نقصان ہورہاہے ۔