آئندہ جمعہ خطہ کے تمام مرکزی مقامات پر تقریبات کا انعقادہوگا
پونچھ//آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے مذہبی معاملات میں سرکای مداخلت کے خلاف جاری دستخطی مہم کا سلسلہ جہاں ملک بھر میں جاری ہے وہاں ریاست جموں وکشمیر کے خطہ پیر پنجال میں بھی دستخطی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ بورڈ کے ریاستی ممبر الحاج مولانا غلام قادر کی زیر نگرانی یہ مہم خوش اسلوبی کے ساتھ گاؤں اور تحصیل سطح پر جاری ہے جس میں عوام الناس کی ایک بڑی تعداد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق خوش آئند بات یہ ہے کہ اس ملی اور دینی مشن میں تمام مکاتب فکر کی عوام حصہ لے رہی ہے۔مولانا غلام قادر نے بتایا کہ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اورملی قائدین کو خطوط روانہ کرکے اس مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے جس کا بے حد حوصلہ افزاء رد عمل مل رہا ہے جس کے لئے عوام الناس اور علماء کرام مبارک باد کے مستحق ہیں ۔مولانا نے کہا کہ جہاں ایک طرف گاؤں بلاک اورتحصیل سطح پر دستخطوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں مورخہ 4نومبر بروز جمعہ صدر مقامات پر دستخطی مہم کے حوالہ سے مرکزی تقریبات کا اہتمام ہوگا جس میں پر امن طریقہ سے مردوزن اس دستخطی مہم میں حصہ لیں گے ۔مولانا نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ 4نومبر کو خاموش اور پرامن طریقۂ کار سے بغیر تقریر وجلوس کے صرف دستخط کرنے کی حد تک اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مکمل تعاون کریں ۔انہوںنے کہا کہ اس دستخطی مہم کے ذریعہ مسلم پرسنل لاء بورڈ، حکومت اور عدلیہ سے یہ اپیل کرنا چاہتا ہے کہ وہ مذہبی معاملات میں مداخلت کا ارادہ ترک کرے اور آئین ہند میں دی گئی مکمل آزادیٔ مذہب کا خیال رکھے اور تمام اقلیتوں اور مسلمانوں کی تعمیر وترقی کے لئے سیاسی وتعلیمی ریزرویشن دے تاکہ سماج کے باقی طبقات کے ساتھ ملک کا پسماندہ مسلمان بھی ملک کی تعمیر وترقی میں حصہ لے سکے ۔مولانا نے تمام مردو خواتین حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس دستخطی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور تعاون دیں۔