سرینگر//صدر کوٹ سمبل کے 13 سالہ طالب علم پر پی ایس اے عائد کرکے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے۔ مذکورہ طالب علم پر الزام ہے کہ وہ پتھرائو، مظاہروں میں شرکت اور علاقے میں علیحدگی پسندی سوچ پھیلا رہا تھا۔تجمل رسول میر ولد غلام رسول میر ساکن صدر کوٹ بالا سمبل ساتویں جماعت میں زیر تعلیم ہے ۔ گورنمنٹ ہائی سکول صدر کوٹ میں زیر تعلیم تجمل کی سکول ریکارڈ میں تاریخ پیدائش 21مارچ 2003ہے۔ اس کے خلاف پو لیس تھانہ حاجن میں دو کیس درج تھے۔ پولیس دستاویز کے مطا بق تجمل علیحدگی پسند سوچ پھیلانے اور اس پر عمل کرنے کا مرتکب ہے۔ پولیس دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ یہ بات صاف ہے کہ وہ علاقے میں امن و امان کیلئے خطرہ ہے اور وہ علیحدگی پسندوں کی ہدایت پر کام کررہا ہے جن کا مقصد جموں و کشمیر کی علیحدگی ہے۔ ضلع مجسٹر یٹ با نڈی پورہ نے پولیس کی سفارشات پر اس کے خلاف 33/DMB/PSA/2016 کے تحت پی ایس اے عائد کیا جس کے بعد اسے کورٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔ تجمل کے لواحقین نے ایڈو کیٹ ناصر قادری کی وساطت سے اس پر عا ئد پی ایس چیلنج کرنے سے متعلق ایک عرضی دائر کی ہے۔