سرینگر//پبلک سروس کمیشن کی طرف جموں میں ڈاکٹروں کے انٹرویو منعقد کرانے کے فیصلے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارلحسن نے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیکل افسروں کی اسامیوں کا انٹرویو کشمیر میں منعقد ہونا چاہئے۔ نثارلحسن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ صحیح نہیں کہ ڈاکٹروں کا امتحان اسوقت جموں میں منعقد کیا جائے جب کشمیر میں حالات ناسازگار ہےں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ چند افسران کی سہولیات کیلئے سینکڑوں ڈاکٹروں کا انٹرویو جموں میں منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز، رجسٹرارز اور سینئر ریزیڈنٹس جو اسپتال میں کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیںکو اسوقت جموں انٹرویو کیلئے بلایا گیا ہے جب کشمیر میں صورتحال کشیدہ ہے۔ واضح رہے کہ سینکڑوں ڈاکٹروں کو جنہوں نے سیکرینیگ ٹیسٹ پاس کیا ہے ، کو جموں انٹرویو کیلئے طلب کیا گیا ہے جبکہ تحریری امتحان جموں اور سرینگر میں لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ڈاکٹرز اس موقعہ کا فائدہ اٹھانے سے قاصر ر ہیں گے کیونکہ وہ اسپتال میں مسلسل ڈیوٹی کے شیڈول کو چھوڑ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں انٹریو منعقد کرانے کا مقصد منظور نظر ڈاکٹروں کیلئے راہ ہموار کرنا ہے کیونکہ تحریری امتحان بھی ڈاکٹروں کی قابلیت کو جاننے کیلئے کافی ہوتے ہیں۔