سرینگر// آنچار صورہ میں کریک ڈائون کے دوران وسیع پیمانے پر سرکاری فورسز کا مقامی آبادی پر دھاوا، مار دھاڑ ,رہائشی مکانات کی توڑ پھوڑ، اسباب خانہ کی بربادی، جبر وقہر اور خاص طور پردہ نشین خواتین کے ساتھ زیادتیوں اورآستانہ عالیہ جناب صاحب صورہ کی بے حرمتی کی کارروائیوں کے نتیجے میں درجنوں نہتے شہریوں کو بلٹ اور پیلٹ سے شدید زخمی کر دینے کے افسوسناک واقعات کے پس منظر میں مقامی آبادی کے لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کے ایک بڑے احتجاجی اجتماع سے حریت(ع) چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں سرکاری فورسز کے مقامی آبادی پر ٹوٹ پڑنے، ظلم و تشدد اور مہلک ہتھیار پیلٹ کے قہر سے درجنوں شہریوںکو شدید زخمی کر دینے کی وحشیانہ کارروائیوں ؎اور جناب صاحب صورہ کے تقدس کی پامالی کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پُر زور الفاظ میں مذمت کی ۔ میرواعظ نے متاثرہ لوگوں خاص طور پر زخمیوں کی ڈھارس بندھانے اور انہیں حوصلہ دیتے ہوئے یہ بات واضح کی کہ بدترین ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں کشمیر کے طول و عرض میں جاری مسلسل ظلم و زیادتی اور جبر و استبداد کی کارروائیوں سے حریت پسند کشمیری عوام اپنے آزادی کے مطالبہ سے ہرگز پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی اس طرح کی کارروائیاں ہمیںاپنے بلند مقصد اور ہدف کے حصول سے روک سکتی ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ بے پناہ جانی و مالی قربانیوں کی حفاظت اور خون سے سینچی ہوئی حق و انصاف پر مبنی تحریک حق خودارادیت کو اس کے منطقی انجام تک لیجانے کیلئے ہر سطح پر یکسوئی اور عزم و استقامت کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے اور تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے قیادت وعدہ بند ہے ۔دریں اثنا حریت ترجمان نے سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ ، حریت میڈیا ایڈوائزر ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کی مسلسل حراست کے دوران ان رہنمائوں کی تیزی سے بگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی جیل قوانین کے تحت نہ تو انہیں ڈاکٹروں سے ملنے کی اجازت دی جارہی ہے اور نہ ہی انکا طبی معائنہ کرایا جارہا ہے ۔ترجمان نے سرکردہ انسانی حقوق کارکن خرم پرویز کی گرفتاری کے بعد لگاتار موصوف کو قید میں رکھنے کی کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسکی شدید ملامت کی۔ترجمان نے اس بات پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا کہ گرفتار کئے گئے بے گناہ اور معصوم نوجوانوں کی رہائی کے بدلے پولیس اور ایجنسیاں بڑے پیمانے پر انکے والدین اور سرپرستوں سے بھاری معاوضہ طلب کررہی ہیں جو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔