پرتھ//پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف دو وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لیے ہیں۔اس طرح جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا پر 102 رنز کی سبقت حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر ڈین ایلگر اور جے پی ڈومینی موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 34 اور 46 رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سٹیفن کک اور ڈین ایلگر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 35 رنز بنائے۔اس موقع پر کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 45 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب ہاشم آملہ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ہیزل وڈ اور پیٹر سڈل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔اس سے پہلے آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور شان مارش نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 158 رنز تک پہنچا دیا۔اس موقع پر وارنر سنچری سے تین رن کی دوری پر آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے اپنی اس اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اس وکٹ کا گرنا تھا کہ جنوبی افریقہ کو وہ موقع مل گیا جس کی اس کے آغاز سے تلاش تھی اور پھر آنے والے آسٹریلوی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے تھے۔ آسٹریلیا کی بقیہ نو وکٹیں سکور میں 86 رنز کا اضافہ ہی کر سکیں اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 244 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ڈیوڈ وارنر کے علاوہ واحد قابلِ ذکر اننگز ان کے ساتھی اوپنر شان مارش کی رہی جنھوں نے سات چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے بولر ورنن فیلینڈر نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کیشو مہاراج نے تین، ربادا نے دو اور سٹین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جمعرات کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 242 رنز ہی بنا سکی تھی۔