سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حکومت کی طرف سے امتحانات کی تاریخوں اور سیلبس میں 50فیصد چھوٹ کے اعلان کو غیر دانشمندانہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی حکومت اپنی انا اور ہٹ دھرمی کیلئے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ پارٹیلیڈر اورممبراسمبلی پہلگام الطاف احمد کلو نے کہا کہ اگر 2014کے سیلاب کے بعد 2015مارچ میں بچوں کے امتحانات لئے گئے اور سال بھی ضائع نہیں ہوا تو اس بار مارچ میں امتحانات کا انعقاد کرانے میں کیا حرج ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے بچوں کو بلی کا بکرا بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ریاستی حکومت کی طرف سے 4ماہ کے کلاسز ضائع ہونے کے باوجود وقت پر امتحانات لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کلو نے کہا کہ 10ویں اور 12ویں جماعت کے نصاب سے ہی پیشہ وارانہ امتحانات کا انعقاد ہوتا ہے ایسے میں حکومت کی طرف سے نصاب میں 50فیصد کمی کا اعلان غیر دانشمندانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے کیونکہ اس سے مستقبل میں ہونے والے پیشہ ورانہ امتحانات میں طالب علموں کی کارکردگی بڑے پیمانے پر متاثر ہوگی۔