سرینگر//ممبراسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب مایانک جوشی کی طرف سے جموں و کشمیر میں مختلف انتخابات کے انعقاد کو رائے شماری کا متبادل قرار دینے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی رہنمائوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوششیں نہ کریں۔ اپنے ایک بیان میں انجینئر رشید نے کہا ’’ کون نہیں جانتا کہ لگ بھگ تمام مین اسٹریم جماعتیں الیکشن پر لوگوں کو صاف صاف بتاتی ہیں کہ اُن کے الیکشن کومسئلہ کشمیر کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے‘‘انہوں نے کہا ’’ اگر جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہوتا تو ہندوستان شملہ اور تاشقند میں پاکستان کے ساتھ کشمیر کے حوالے سے نہ باہمی معاہدے کرتا اور نہ ہی کشمیریوں کو ہندوستانی آئین کے اندر وسیع تر خود مختاری کی پیشکش کرتا‘‘۔ انجینئر رشید نے کہا کہ اگر ہندوستان خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہونے میں سچا ہے تو اُسے جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنا چاہئے ۔