راجوری // وزیر برائے پشوپالن وماہی گیری عبدالغنی کوہلی نے بھاجپا کا رکن ہونے پرفخر کرتے ہوئے کہاکہ کالاکوٹ میں کچھ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کالاکوٹ میں 1سو بستروں والے گرلز ہوسٹل کاسنگ بنیاد رکھنے کے بعدتقریب سے خطاب میں کہا کہ تعلیم نسواں ریاستی سرکار کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے پیش نظر مختلف مقامات پر گرلز ہوسٹلوں کا قیام تیزی سے عمل میں لایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالاکوٹ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنااور تعمیراتی کام میں سرعت لانے کیلئے کئی دیگرپروجیکٹوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ اس گرلز ہوسٹل کی تعمیر محکمہ تعمیرات عامہ رمسا اسکیم کے تحت تعمیر کریگا ۔تقریب سے خطاب میں کوہلی نے کہاکہ بھاجپا میں شامل ہونا ان کے لئے فخر کی بات ہے کیونکہ جتنے کام اس پارٹی میں آنے کے بعد علاقے اور ریاست کی دیگر جگہوں پر ہوئے ، آج تک قائم ہوئی حکومتیں وہ نہیں کرپائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کالاکوٹ میں کچھ لوگ تعمیروترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن سے دور رہنے کی ضرور ت ہے ۔وزیر موصوف کاکہناتھاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شہری اور دیہی ترقی کو مجموعی طور پر مد نظر رکھا جارہا ہے تاکہ پانچ سال کی قلیل مد ت میں عوام کو ایسی سہولیات اور بنیادی ضروریات فراہم کی جاسکیں جو اس سے قبل کبھی فراہم نہ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی چاہتی ہے جبکہ کالاکوٹ میں کچھ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن کے ناپاک عزائم سے عوام کو باخبر رہنا ہوگا ۔ اس موقعہ پرایس ڈی پی او نوشہر ہ نواز چوہان ، ایس ایچ او کالاکوٹ اقبال چوہدری ، چیف ایجوکیشن آفیسر الطاف حسین چوہدری سمیت کئی دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔