راجوری //وزیر خوراک ، شہری رسدات اور امورصارفین چوہدری ذوالفقار علی نے کہاہے کہ کسی بھی خطے کی ترقی کیلئے امن بہت ضروری ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر ایک مسئلے کا حل مذاکرات میں پنہاں ہے ۔وزیر نے کہاکہ ریاست کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے جس دوران سینکڑوں جانیں تلف ہوئی ہیں لیکن اس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔انہوںنے اپنے حلقہ انتخاب درہال کا دورہ کرکے عوامی مسائل سنے اور ترقیاتی کاموں کاجائز ہ لیا ۔اس دوران انہوںنے چوہدری ناڑ ڈڈاج سڑک پر تارکول بچھانے کاکام بھی شروع کیا۔اس موقعہ پر ممبراسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین بھی موجود تھے ۔ روڈ پر تارکول بچھانے کا مسئلہ عوام کی دیرینہ مانگ تھی ۔یہ روڈ ضلع صدر مقام کے علاوہ درہال کے صدر مقام کو بھی جوڑنے کا کام کرتی ہے ۔اس کے بعد وزیر موصوف نے پرنار سے لڑکوتی سڑک کاافتتاح کیا ۔یہ سڑک نبارڈ سکیم کے تحت 97لاکھ روپے میں تعمیر ہوئی ہے ۔اس دوران وزیر نے ڈاک بنگلہ کوٹرنکہ میں ایک میٹنگ بھی منعقد کی جس دوران لوگوں کے مسائل سنے گئے ۔وزیر نے سموٹ سے ترگائیں سڑک پر میکڈم بچھانے کا آغاز بھی کیا ۔انہوںنے بدھل کالج کے پرنسپل بلاک کاافتتاح بھی کیا ۔وزیر نے بدھل میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کے تمام مسائل ایک ایک کرکے حل کئے جائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایک اچھی حکمرانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ذوالفقار کاکہناتھاکہ ریاستی حکومت نے ریاست بھر میں نئے پروجیکٹ شروع کئے ہیں جن سے سماجی و اقتصادی ترقی ہوگی ۔ انہوںنے افسران پر زور دیاکہ وہ حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور ہر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایاجائے ۔وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری سکیموںسے مستفید ہوں ۔دریں اثناء انہوںنے بدھل کی عید گاہ روڈ کاکام بھی شروع کرایا۔ انہوںنے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس کام میں معیار کا خیال رکھیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ کام مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر راجوری شبیر احمد بٹ ، ایس پی محمد یوسف ، ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ صدیق وانی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔