جموں//گورنر این این ووہرا نے آج پنج گرائیں نگروٹہ میں بھارت سیوآشرم سنگا ( بی ایس ایس ) کے نئے تعمیر کئے گئے گیسٹ ہاوس کا افتتاح کیا ۔اس گیسٹ ہاوس میں شری امر ناتھ جی اور شری ماتا ویشنو دیوی شرائین کے درشنوں کیلئے آنے والے یاتریوں کیلئے قیام و طعام اور طبی سہولت دستیاب ہو گی ۔ خدمتِ خلق کے تئیں سنگا کی وابستگی کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر موصوف نے بی ایس ایس کو سو سالہ تقریب کے موقعہ پردرویشوں اور کارکنان کو عوام کی بے لوث خدمت کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے امر ناتھ جی یاترا کے دوران پہلگام سے آگے چندن واڑی یاترا کیمپ میں امر ناتھ جی یاتریوں کو بی ایس ایس کی جانب سے طبی سہولیات مہیا کرانے کے کام کو یاد کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ نیا گیسٹ ہاوس یاتریوں کو یاترا کے دوران بہترین سہولیات دستیاب رکھے گا ۔ گورنر موصوف نے کہا کہ بی ایس ایس کی طرح دیگر خیراتی و بے لوث تنظیموں کو بھی سماج کی ضرورت مند اور پسماندہ طبقوں کی بہبودی کیلئے اپنی خدمات انجام دینی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی تنظیمیں ہماری اخلاقی روایات کو اُجاگر کرنے کے علاوہ انہیں تقویت بخش کر انسانیت کی بہتری کے لئے ایک مشعل راہ کے طور بھی کام کرتی ہیں۔گورنر موصوف نے جموں میں بی ایس ایس کی جانب سے چلائے جارہے سکول میں زیر تعلیم طالبات، جنہوں نے اس موقعہ پر قومی ترانہ پیش کیا، کے لئے11 ہزار روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے ملحقہ دیہات میں رہنے والے ضرورت مند افراد میں بی ایس ایس کی جانب سے فراہم کئے گئے کمبل بھی تقسیم کئے۔ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما اور ایم ایل اے نگروٹہ دیوندر سنگھ رانا نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سماجی و بہبودی پروگراموں کے لئے بی ایس ایس کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے سماج کے ضرورت مند طبقوں کے لئے اپنی خدمت جاری رکھنے کی استدعا کی۔سوامی سسواتانندہ جی مہاراج جوائنٹ سیکرٹری بی ایس ایس نے اپنے خطبہ میں آرگنائزیشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ بی ایس ایس کے منتظم سوامی وشوآتما نندہ جی مہاراج اور ٹرسٹی بی ایس ایس ایچ سی کٹوچ نے بالترتیب خطبہ استقبالیہ اور شکریہ کی تحریک پیش کی۔ڈپٹی کمشنر جموں سمرن دیپ سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔