جموں / خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت شہر ی علاقوں سے تیل ڈیپوئوں کو کم آبادی والے علاقوں تک منتقل کرنے کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ریلوے سٹیشن جموں کے نزدیک قائم تیل ڈیپوئوں کو منتقل کرنے کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس ڈیپو کی جگہ حکومت کے لئے ایک بڑا تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غلطی ہونے سے اس طرح کے علاقوں میں بڑے حادثات پیش آسکتے ہیں جس کی وجہ سے انسانی جانوں اور جائیداد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔وزیر نے کہا کہ لوگوں کا تحفظ مدنظر رکھتے ہوئے ان ڈیپوئوں کو منتقل لازمی بن گیا ہے اور حکومت اس ضمن میں ایک منصوبہ مرتب کر رہی ہے ۔وزیر نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ آبادی والے علاقوں میں دور سے اراضی کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ سانبہ ضلع میں اس طرح کے نئے ڈیپو ئوں کوقائم کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی کا ارادہ رکھتی تھی تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر اس خیال کو ترک کیا گیا۔وزیر نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ اس طرح کے مقامات کی نشاندہی کریں جو لوگوں کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی سرگرمیوں کے عین موافق ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بنجر زمین کو ترجیح دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نجی اراضی کے مالکان کو باضابطہ طور سے معاوضہ دیا جائے گا۔وزیر نے تیل کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا کہ نئے ڈیپوئوں میں مقامی آبادی کو روزگار دینے کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے ریاست کی اقتصادیات بھی مستحکم ہو جائے گی۔ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر پون کوتوال ، آئی جی پی جموں دانش رانا ، ضلع ترقیاتی کمشنرجموں سمرن دیپ سنگھ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جی ایس چب اور مختلف تیل کمپنیوں کے نمائند وں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔