راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی یوتھ صدرسریش اجے مجوترا کی آمد پر راجوری میں پارٹی کارکنان کی طرف سے موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں کیا لیڈر اور کیا کارکن ، کسی نے بھی ہیلمٹ نہ پہن کر ٹریفک قوانین کی سرے عام دھجیاں اڑائیں ۔اس موقعہ پر پولیس کی طرف سے حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے تھے ۔موٹرسائیکلوں پر سوار کسی بھی کارکن نے ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا جو ٹریفک قوانین کی کھلے خلاف ورزی مانی جاتی ہے ۔حیران کن بات ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی بائک ریلی کے آگے آگے چل رہی تھی لیکن قوانین کو زمینی سطح پر نافذ کرنے والے ان پولیس آفیسران کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنے کے بجائے ساتھ چلتے دیکھا گیا ۔اس دوران سڑک کناروں موجودسینکڑوں افراد نے جب پولیس آفیسران کو بغیر ہیلمنٹ پہنے بائک ریلی کی قیادت کرتے دیکھاتو ہر زبان پر ایک ہی سوال تھا کہ پولیس قوانین نافذ کرنے والے لئے ہے یا پھر قانو ن توڑنے والوں کاساتھ دینے کے لئے ۔ایک مقامی شخص دیس کمار نے کہا کہ پولیس جب بھی ناکے پر بغیر ہیلمٹ والے نوجوانوں کیخلاف تو چالان کرتی ہے لیکن آج اس کا ضمیر کیوں نہیں جاگا جب بھاجپا کے سبھی کارکنان ہیلمٹ کے بغیر تھے ۔یہ ریلی کھانڈلی پل سے ہوتے ہوئے ڈاک بنگلہ راجوری پر اختتام پذیر ہوئی۔دریں اثناء سریش اجے مجوترانے راجوری ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔اس موقعہ پر انہوںنے پارٹی کو گاؤں گاؤں مستحکم کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوںکو بھاجپا میں شامل کیاجائے ۔ سریش اجے نے کہا کہ نوجوان پارٹی کے اہم ارکان ہیں جنہیں آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ گاؤںگائوں میٹنگوں کا اہتمام کیا جائے اور عوام کے مسائل کو حکام تک پہنچانے کے لئے بھی اقدام کئے جائیں ۔