نئی دہلی//مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ کوئی شخص اگر لین دین سے باہر کئے گئے 500اور 1000روپے کے نوٹ بینکوں یا ڈاک خانوں میں ڈھائیلاکھ روپے کی حد تک جمع کرتا ہے تو اسے کسی بھی طرح سے تنگ نہیں کیا جائے گا۔ جیٹلی نے اقتصادی ایڈیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی لاکھ روپے تک کی رقم جمع کرانے والے لوگوں سے سوال جواب کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ انہیں کسی بھی قسم سے کوئی دقت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا'' ایسے لوگ جن کے پاس موٹی غیر اعلانیہ رقم ہے ، ان کے ساتھ قانون کے تحت نمٹا جائے گا''۔وزیر خزانہ نے کہا کہ 500 اور 1000 روپے کے نوٹ کو بند کرنے سے لوگوں کو شروع میں ضرور دقت ہوگی، لیکن آگے چل کر اس کا بڑا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے بدعنوانی کو قابو کرنے ، کالا دھن روکنے اور دہشت گرد سرگرمیوں پر روک لگے گا۔ حکومت نے آٹھ نومبر کی آدھی رات سے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آج سے پرانے نوٹ بینکوں اور ڈاک خانوں میں جمع کرنے شروع ہو گئے ہیں اور 31 دسمبر تک انہیں جمع کرنے اور تبدیل کرنے کا کام کیا جائے گا۔یو این آئی۔