جموں / صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ ریاست میں کام کر رہے ٹراما ہسپتالوں کو عنقریب ہی کریٹکل کیئر ایمبولنس گاڑیوں سے لیس کیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہارا نہوں نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ان ایمبولنس گاڑیوں کا معائینہ کرنے کے دوران کیا۔ اس موقعہ پر بتایاگیا کہ محکمہ ٹراما ہسپتالوں کو 18 آئی سی یو ایمبولنس اور 136 معمول کی ایمبولنس گاڑیاں دستیاب کرائے گااور یہ ایمبولنس گاڑیاں صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت اور ریاستی حکومت کے ایک مشترکہ اقدام کے طور فراہم کی جائیں گی۔وزیر موصوفہ نے یہ ایمبولنس گاڑیاں ہسپتالوں میں جلد از جلد پہنچانے کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہیں بتایاگیا کہ کاغذی کام مکمل کرنے کے بعد یہ گاڑیاں ٹراما ہسپتالوں کو دی جائیں گی تاکہ لوگ ان سے استفادہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو طبی نگہداشت کی بہتر سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے اور لوگوں کو ہر طرح کی طبی سہولیات دستیاب رکھنے کے لئے ہرممکن اقداما ت کئے جائیں گے۔آسیہ نقاش نے کہا کہ آئی سی یو ایمبولنس گاڑیوں کی بدولت ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی کیونکہ مریضوں کو فوری طور سے ان ایمبولنس گاڑیوں میں طبی سہولیات دی جائیں گی۔وزیر موصوفہ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ میں رد کی گئی گاڑیوں کی نیلامی کریں۔