سرینگر//ناظمِ تعلیمات کشمیر اعجاز احمد بٹ نے وادی میں 14 نومبر سے شروع ہونے والے بورڈ امتحانات کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ کئی امتحانی مراکز کے دورے کے دوران ناظمِ تعلیم نے ان اداروں کے سربراہوں کو امیدواروں کیلئے گرمی کے معقول انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں رقومات پہلے ہی واگذار کی گئی ہیں ۔ امتحانات کیلئے تعینات عملے کو وقت پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ دریں اثنا ناظمِ تعلیم نے امتحانات کے احسن انعقاد کیلئے سماج کے تمام طبقوں سے تعاون کی اپیل کی ۔ اسی دوران 14 نومبر کو چھٹی کے باوجود نظامت تعلیم ، چیف ایجوکیشن دفاتر اور بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے تمام دفاتر کھلے رہیں گے ۔ ادھراعلیٰ تعلیم کے کمشنر سیکریٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کل شہر کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوںنے کشمیر یونیورسٹی حضرت بل کے دورے کے دوران RUSAکے تحت جاری کاموں کے پیش رفت کاجائزہ لیا۔انہوںنے وومنز کالج ایم اے روڈ کے دورے کے دوران ادارے کے کام کاج کاجائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ سرکار بہت جلد ریاست کے 6زنانہ کالجوں بشمول ایم اے روڈ ،نواکدل،اننت ناگ،پلوامہ ،سوپور اور بارہمولہ زنانہ کالجوں میں نرسنگ کونسل آف انڈیا کی منظوری کے بعد نرسنگ کلاسز شروع کرے گی۔