سرینگر//لبریشن فرنٹ نے یکسوئی اوراتحاد و اتفاق کو تحریک آزادی کے بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ ان اہم ستونوں کی حفاظت ہم سب کا قومی و ملی فریضہ ہے‘۔ فرنٹ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مزاحمتی قائدین اور جماعتیں ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کریں جن سے ان اہم اور بنیادی ستونوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔بیان کے مطابق پارٹی ترجمان نے حالیہ ایام کے دوران چند مزاحمتی قائدین کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یکسوئی اور جدوجہد میں یقین ِ محکم آزادی کی تحریکوںکا اہم ستون ہوا کرتے ہیں اوراس کے ساتھ ساتھ اتحاد و اتفاق جیسے اہم اور بنیادی ستون کی اہمیت سے بھی کوئی متنفس انکار نہیں کرسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ اسی بنیادی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزاحمتی خیمے میں شامل قائدین نے ملت جموں کشمیر کے درمیان اتحاد و اتفاق کے حصول کیلئے کوششیں کیں اورآج جموں کشمیر میں تحریک آزادی مثالی اتحاد و اتفاق کے ساتھ رواں دواں ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ موجودہ مزاحمتی دَور میں یہی اتحاد و اتفاق جموں کشمیر کے لوگوں کے جذبات و احساسات اور بیش بہا قربانیوں کا ماحاصل بن چکا ہے تو بیجا نہ ہوگا۔ ترجمان کے مطابق مزاحمتی خیمے کے اس مثالی اتحاد و اتفاق نے بھارتی حکمرانوں اور انکے ریاستی حواریوں کی نیندیں حرام کردی ہیں اور یہ لوگ اس اتحاد و اتفاق کو ختم کرنے اور دوبارہ مزاحمتی جماعتوں کو الگ الگ کردینے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔یہ تحریک کسی اندھے سوار کی لنگڑے گھوڑے کی سواری نہیں بلکہ یہ ایک مقدس تحریک ہے جس کا ہدف مکمل طور پر واضح ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک لمبی تحریک اورمزاحمت میں مصروف لوگوں سے خامیاںایک لازمی امر ہے لیکن اس کیلئے کوئی اپنی ذمہ داری کو نظر انداز کرکے آگے نہیں بڑھ سکتا بلکہ کوتاہیوں اورخامیوں کا سدباب کرنا بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے میں مزاحمتی خیمے میں شامل معزز قائدین اور جماعتوں کو بیانات جاری کرتے وقت اورکوئی سیاسی عمل کرتے ہوئے انتہائی زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ ان کا کوئی بیان یا قدم تحریک کو زک پہنچانے کا باعث نہ بنے ۔