جموں//سائیبر جرایم کی تحقیقات کو مزید موثر بنانے کیلئے ریاستی جوڈیشل اکیڈمی نے جموں صوبے کے جوڈیشل افسران کیلئے سٹیٹ جوڈیشل اکادمی کے سربراہ جسٹس این پال وسنتھا کمار ، جسٹس مظفر حسین عار ، جسٹس جنک راج کوتوال کی سربراہی میں ورکشاپ کا اہتمام کیا ۔ اپنے افتتاحی خطبے میں جسٹس جنک راج کوتوال نے اس ورکشاپ کے اہتمام پر سٹیٹ جوڈیشل اکادمی کی سراہنا کی ۔ انہوں نے جوڈیشل افسران کو سائیبر جرایم سے بہتر طور نپٹنے کیلئے اپنی جانکاری میں مزید اضافہ کرنے کی تلقین کی ۔ جسٹس آلوک آرادھے نے Evidence Act کے مختلف نکات پر مدلل بحث کی ۔ جسٹس مظفر حسین عطار نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں مُجرم نئی ٹیکنالوجی اختیار کر رہے ہیں اس لئے عدلیہ کے سامنے ایسے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا چیلنج ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاٹا سیکورٹی کونسل ونکٹیش مورتھی نے سائیبر جرایم کے نکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ سپریم کورٹ کے وکیل نیرج ارورا نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2008 پر تفصیلی جانکاری دی ۔