سرینگر// وادی میں ہر گذرتے دن کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے کچھ روز تک وادی میں موسم بدستورخشک رہے گا ۔ وادی بھر میں سردی میں شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سرینگر شہر میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا اور اس طرح سرینگر میں یہ رات اب تک کی سرد ترین رات رہی ۔اسی طرح وادی کے دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے جس کی وجہ سے اہل وادی کو صبح و شام شدید سردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پہاڑی علاقوں پہلگام ، گلمرگ، سونہ مرگ اور دیگر علاقوں میں بھی پچھلے کئی دنوں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وادی کے بعد لداخ سرد ترین علاقہ رہا کیو نکہ وہاں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کرگل ضلع میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5، سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 4.0،سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 1.6،سرحدی ضلع کپوارہ میں منفی 1.8 اورقاضی گنڈ میں منفی 2.0ڈگری سلسیشن ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ وادی میں اگلے کچھ دنوں تک موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت میں بھی مزید کمی واقعہ ہو گی ۔