جموں// بالی وڈ فلم اداکار ناناپاٹیکرنے بارڈرسیکورٹی فورسز کے فرنٹیئرہیڈکوارٹر جموں کادورہ کرکے ملک کی حفاظت کرنے کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔ناناپاٹیکرنے انسپکٹرجنرل آف بی ایس ایف جموں فرنٹیئرڈی کے اپادھیائے کے ہمراہ سرحدوں پرپاکستان کی حالیہ گولہ باری کے نتیجے میں جان بحق ہوئے فوجی جوانوں کے گھرجاکران کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی اور مہلوک فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔کٹھوعہ میں فوجیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ناناپاٹیکرنے کہاکہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے یہاں آکرآ پ سے ملنے کاموقعہ ملا۔انہوں نے جوانوں سے کہاکہ اصلی ہیروآپ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم توصرف کھلونابندوق سے فلموں میں کھیلتے ہیں لیکن اصلی بندوقوں کے ساتھ سرحدوں پر ملک کی حفاظت کرنا بہادری ہے۔انہوں نے جذباتی لہجے میں کہاکہ یہاں پرآ پ ہیروہواورمیں ایک شائق ہوں۔انہوں نے کہاکہ میری نیک خواہشات جوانوں کے ساتھ ہیں جو ملک کی حفاظت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں بی ایس ایف کاشکرگذارہوں کہ مجھے جوانوں سے ملنے کاموقعہ دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ میں جوانوں کے حوصلے سے متاثرہوں کہ وہ کس قدراپنے سینوں پرگولیاں کھاکرملک کی حفاظت کرتے ہیں۔پاٹیکر اکشے کمار کے بعد ہیرانگراورکٹھوعہ کی بین الاقوامی سرحدپرمامورفوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات کرنے والے دوسرے اداکارہیں۔