جموں //جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج کہا ہے کہ پردھان منتری اُجولا یوجنا خط افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے کنبوں کی حالت زندگی بہتر بنانے کیلئے متعارف کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کنبوں کی خاتون سربراہوں کو بااختیار بنا کر یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ اس بات کا اظہار آج کویندر گپتا نے پردھان منتری اُجولا یوجنا (پی ایم یو وائی ) کے تحت خواتین مستحقین میں رسوئی گیس کنیکشن کی تقسیم کاری کی غرض سے منعقدہ تقریب میں کیا ۔ تقریب کا انعقاد بھور کیمپ ستواری میں کیا گیا تھا ۔ کویندر گپتا نے کہا کہ گھروں میں رسوئی گیس کے استعمال سے خواتین اور ان کے اہلِ خانہ کو کھانا پکانے میں روائتی طور طریقوں کے مضہر اثرات سے تحفظ حاصل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کھانا پکانے کیلئے لکڑی وغیرہ کے استعمال سے لاحق ہونے والی بیماریوں سے چھٹکارا حاصل ہو گا ۔ سپیکر نے کہا کہ سکیم کے تحت تقریباً ایک کروڑ لوگوں کو رضاکارانہ طور پر ایل پی جی رعائت سے دستبردار ہوئے اور بچت کی گئی رقم غریب عوام کو نہایت ہی رعائتی قیمتوں پر ایل پی جی کنیکشن فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ کویندر گپتا نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام باقی ماندہ کنبوں کو پی ایم یو وائی کے دائرے میں پنچائت سطح پر منعقد کئے جانے والے اگلے کیمپوں میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر کنبے کو رسوئی گیس کنیکشن فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔سپیکر نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے شروع کی گئی بہبودی سکیموں کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو آگے آ کر اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان سکیموں کے بارے میں جانکاری عام کرنے میں تعاون دیں تا کہ ان کے فوائد ہر مستحق تک پہنچ سکیں ۔ دورانِ کیمپ آج لوگوں کو گھروں میں رسوئی گیس کے استعمال سے متعلق ضروری تربیت فراہم کی گئی ۔ سپیکر کے ہمراہ ایس ڈی ایم ساؤتھ بھی تھے ۔ بعد میں سپیکر نے گورنمنٹ بوائیز سکول گورکھ نگر جموں میں یومِ اطفال تقریب میں بھی شرکت کی ۔ تقریب میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گورکھ نگر ، گورنمنٹ پرایمری سکول پکا تالاب تلو کے بچوں نے بھی شرکت کی ۔ تقریب میں بچوں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا ۔