سرینگر // وادی میںشدید سردی کے بیچ بد ھ اور جمعرات کی درمیانی رات سرینگر میں رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جسکے نتیجے میں سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.7ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ،لہیہ کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.8ڈگری سیلشیس تک پہنچ گیا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ کل رات رواں موسم کی سرد ترین رات تھی جس کے دوران سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.7ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق وادی میں فی الحال بارشوں یا برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے اور موسم مجموعی طور خشک رہے گا جبکہ سردیوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات ترجمان کا کہنا تھا کہ16 اور17نومبر کے درمیانی شب کے دوران مشہور صحت افزاء مقامات پہلگام ، گلمرگ اور امرناتھ گپھا کے علاقے میں سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی۔ پہلگام میںکم سے کم درجہ حرارت منفی4.0ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں بالائی علاقوں میں واقع کئی ندی نالے منجمد ہوگئے۔شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6ڈگری سیلشیس رہا اور سردی کی شدید لہر جاری رہی۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ لداخ خطے کے لیہہ علاقہ میں گذشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.8ڈگری سیلسیش جبکہ کرگل میں منفی6.5ڈگری سیلشیس کے آس پاس ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث خطے میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔