سرینگر//لبریشن فرنٹ ، تحریک مزاحمت، لبریشن فرنٹ (آر)اور حریت (جے کے) نے شہدائے عالی کدل کو ان کی 24ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ شہدائے عالی کدل کشمیر کی تاریخ میں عزیمت کا وہ باب رقم کرگئے جو لامثال ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالحمید ، مشتاق احمد لون اور ایڈوکیٹ جمیل چودھری ، فیاض احمد شیخ،مشتاق احمد کوٹے،منظوراحمد خان اور غلام احمدجیسے جیالے قوموں کا افتخار ہوتے ہیں ۔محمد یاسین ملک شہدائے عالی کدل کی یاد میں ایک تعزیتی مجلس سے خطاب کرررہے تھے۔تقریب سرینگر میںفرنٹ کے مرکزی دفترپر منعقد ہوئی،جس میں چیئرمین کے ساتھ ساتھ سمیت جملہ قائدین و ذمہ داروں نے شرکت کی۔ملک نے اپنے خطاب میں کہا’’ جس تحریک کو شہدائے عالی کدل جیسے عالی قدر شہداء کے لہو نے سیراب کیا ہو ،اُسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ‘‘۔انہوں نے کہا’’ شہید حریت شیخ عبدالحمید اور انکے ساتھی وہ دلیر و باہمت لوگ تھے جنہوں نے راہِ عزیمت کے راہی بن کر دریائے جہلم کو اپنے لہو سے لالہ زار بنایا ‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’جو لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ وہ تحریک آزادی اپنی منافقانہ سیاست اور ظلم و جبر سے ختم کردیں گے وہ یاد رکھیں کہ معصوموں کے لہو سے سیراب عوامی تحریکوں کو ختم کرنا یا شکست دیناکسی کے بس میں نہیں ہوتا ہے اور دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ کوئی تحریک آزادی ظلم و جبر کے بل پردبائی نہیں جاسکتی ہے ‘‘۔ اپنے بچپن کے رفیق شیخ عبدالحمید کو یاد کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا’’ شیخ عبدالحمید تحریک آزادیٔ نو کے سالار تھے جنہوں نے اپنا لہو دے کرتحریک کے اُس پودے کی آبیاری کی جو آج ایک تناور درخت بن چکا ہے‘‘۔ یاسین ملک نے مرحوم محمد مقبول بٹ کے برادر اصغر غلام نبی بٹ کی جنت نشینی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کا خانوادہ ہی تحریک کی علامت ہے اور موصوف بھی مرتے دم تک کشمیر کی آزادی کیلئے سرگرداں رہے ۔ تحریک مزاحمت کے محبوس چئیرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس مشن کی خاطر ان جیالوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں ،وہ ابھی تشنہ تکمیل ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہم وعدہ بند ہیں ۔لبریشن فرنٹ (آر)کے اہتمام سے مزار شہداء عیدگاہ میں فاتحہ خوانی کی ایک مجلس منعقد ہوئی،جس میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری وجاہت قریشی کے علاوہ کئی اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر یہ عزم دہرایا گیا کہ ان (شہداء) کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد رہے گی۔حریت کانفرنس( جے کے) کے لیڈران شبیر احمد ڈار،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمداحسن اونتو، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،روف عاصمی اورمتعدد مزاحمتی کارکنوں نے شرکت کی ۔